کبڈی کی معروف کھلاڑی نے خودکشی کر لی

Famous Kabaddi player commits suicide
بھارت کی ریاست مہاراشٹر کے شہر ناگپور میں 29 سالہ قومی کبڈی کھلاڑی کرن سوراج دادھے نے مبینہ طور پر خودکشی کر لی۔ پولیس کے مطابق کرن نے یہ انتہائی قدم اس وقت اٹھایا جب اس کے شوہر کی جانب سے نوکری کا وعدہ پورا نہ ہوا اور اسے مسلسل ذہنی طور پر ہراساں کیا جاتا رہا۔کرن نے 2020 میں سواپنیل جیدو لامبگھارے سے شادی کی تھی شادی سے قبل سواپنیل نے کرن اور اس کے بھائی کو یقین دہانی کرائی تھی کہ وہ انہیں نوکری دلوا کر مالی مشکلات سے نکالنے میں مدد کرے گا۔ تاہم وقت گزرنے کے ساتھ کرن کو احساس ہوا کہ اسے دھوکے میں رکھا گیا ہے۔

LOADING...

پولیس کے مطابق سواپنیل نوکری کے وعدے میں تاخیر کے ساتھ ساتھ کرن کو ذہنی اذیت دیتا رہا اور اس سے نامناسب مطالبات بھی کرتا تھا۔ صورتحال بگڑنے پر کرن اپنا گھر چھوڑ کر والدین کے پاس رہنے آ گئی۔کرن کو مبینہ طور پر دھمکی آمیز پیغامات بھی موصول ہوتے رہے جنہیں اس نے ثبوت کے طور پر اپنے موبائل فون میں محفوظ کر لیا تھا۔ بالآخر اہل خانہ کے اصرار پر اس نے فیملی کورٹ میں طلاق کی درخواست دائر کر دی۔

رپورٹس کے مطابق 4 دسمبر کو کرن نے زہر کھا کر خودکشی کی کوشش کی۔ اسے اسپتال منتقل کیا گیا لیکن 3 دن زندگی اور موت کی کشمکش میں رہنے کے بعد وہ چل بسی۔پولیس نے سواپنیل کے خلاف بھارت کے نئے قانون بھارتيہ نیایا سنہیتا (BNS) کی دفعہ 108 کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے، جو خودکشی پر اُکسانے کے جرم سے متعلق ہے، اور ملزم کی تلاش جاری ہے۔




اشتہار


اشتہار