پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) نے انجینئرنگ شعبے میں ‘کام چھوڑ ہڑتال’ کے باوجود متبادل انتظامات کے تحت اپنا فضائی آپریشن بحال کر دیا ہے۔پی آئی اے کے ترجمان کے مطابق اسلام آباد سے دمام جانے والی پرواز پی کے 245 اور اسلام آباد سے جدہ جانے والی پی کے 761 سمیت دیگر پروازیں بھی روانہ کر دی گئی ہیں۔ترجمان کا کہنا ہے کہ باقی پروازوں کے ٹیک لاگز کلیئر کر کے انہیں بھی مرحلہ وار روانہ کیا جا رہا ہے، جب کہ پی آئی اے کی انتظامیہ ایئرپورٹس پر موجود ہے تاکہ مسافروں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
LOADING...
ترجمان نے واضح کیا کہ پی آئی اے میں لازمی سروسز ایکٹ نافذ ہے، جس کے تحت ہڑتال یا کام چھوڑنا قانونی جرم قرار دیا گیا ہے۔انہوں نے خبردار کیا کہ جو عناصر اس سازش میں ملوث ہیں یا اس کی پشت پناہی کر رہے ہیں، ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔انتظامیہ کے مطابق متبادل انجینئرنگ خدمات دیگر ایئرلائنز سے حاصل کی جا رہی ہیں، اور جلد ہی پی آئی اے کی تمام پروازیں معمول کے مطابق روانہ کر دی جائیں گی۔