سعودی عرب کی نئی قومی فضائی کمپنی ’ریاض ایئر‘ نے گزشتہ روز ریاض کے کنگ خالد ایئرپورٹ سے لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ تک پہلی مسافر پرواز کی کامیابی سے ایک اہم سنگ میل عبور کرلیا۔سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق لندن کے لیے بوئنگ 9-787 ڈریم لائنز کی پرواز روزانہ کی بنیاد پر چلائی جائے گی، فی الحال یہ ریاض ایئر کے ملازمین اور منتخب مہمانوں تک محدود ہے۔
LOADING...
رپورٹس کے مطابق ریاض ایئر کی پہلی انٹرنیشنل پرواز’آر ایکس 401‘ کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے اتوار کی صبح کے سوا تین بجے روانہ ہوئی جو لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ پر 7 بج کر 30 منٹ پر لینڈ کرگئی، جبکہ واپسی پر ’آرایکس 402‘ لندن سے 9 بج کر 30 منٹ پر ٹیک آف کیا، ریاض کے وقت کے مطابق کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر 19:15 پر لینڈ کیا۔رپورٹس کے مطابق امکان ہے کہ ریاض ایئر مملکت کی نان آئل جی ڈی پی میں 20 ارب ڈالر سے زیادہ کا اضافہ کرے گی اور دو لاکھ سے زیادہ براہ راست اور بالواسطہ ملازمتوں کے مواقع ملیں گے۔
سنہ 2030 تک دنیا کے 100 مقامات تک فضائی کمپنی ریاض ایئر اپنا دائرہ وسیع کرے گی رپورٹس کے مطابق فلائٹ آپریشن کے دوسرے مرحلے کا آغاز دبئی کے لیے کیا جائے گا۔ آنے والے مہنیوں میں ونٹر سیزن 2025 اور سمر سیزن 2026 کے حوالے سے اضافی روٹس کا اعلان کیاجائے گا۔ائیرلائن کا کہنا ہے کہ لائیلٹی پروگرام ’سفیر‘ کے نام سے شروع کیا گیا ہے، ابتدائی رجسٹریشن کرانے والے ممبران کو بکنگ کی سہولت و دیگر مراعات حاصل ہوں گی۔