پاکستان شوبز انڈسٹری میں بے شمار ستارے آئے جگمگائے اور اب تک جگمگا رہے ہیں لیکن کچھ ایسے بھی تھے جو شہرت پانے کے بعد جلد ہی گمنامی کے اندھیروں میں کھو گئے۔وہیں کچھ ایسی شخصیات بھی ہیں جنہوں نے اپنی زندگی اسلامی تعلیمات کے مطابق گزارنے کا فیصلہ کرتے ہوئے شوبز کی رنگین و چکا چوند کو خیرباد کہہ دیا اور دین کی راہ اپنا لی۔
LOADING...
ذیل میں ہم نے چند ایسی ہی سیلیبریٹیز کا ذکر کیا ہے جنہوں نے شوبز انڈسٹری میں اپنے کام سے خوب نام کمایا لیکن جب ان کا دل مذہب کی جانب مائل ہوا تو انہوں نے اس شہرت اور دولت کو ٹھوکر مارنے میں ہچکچاہٹ نہیں دکھائی۔
1-سارہ چوہدری
سارہ چوہدری نے سال 2003 میں انڈسٹری میں قدم رکھا اور اپنی خوبصورتی اور اداکار کے سبب بہت تیزی سے شہرت کی سیڑھیاں چڑھیں۔ان کا پہلا ڈرامہ سیریل بہلاوا تھا جو پی ٹی وی پر نشر ہوا اس کے علاوہ انہوں نے ایک فلم تیرے پیار میں مختصر کردار بھی نبھایا، سارہ کے مشہور ڈراموں میں دل دیا دہلیز، تیرے پہلو میں، اڑان، تیرے جانے کے بعد، تاریکیاں شامل ہیں۔تاہم اپنے کریئر کے عروج پر ہی سارہ نے 2010 کے اوائل میں انڈسٹری کو خیر باد کہا اور دبئی کے ایک کاروباری شخص سے شادی کرنے کے بعد دبئی میں سکونت اختیار کرلی۔
2۔ نور بخاری
نور بخاری پاکستان کی سابقہ اداکارہ، میزبان، ہدایت کارہ اور ماڈل ہیں جنہوں نے بے شمار فلموں ڈراموں اور کمرشلز وغیرہ میں کام کیا۔انہوں نے 90 کی دہائی کے وسط میں فلم انڈسٹری میں قدم رکھا اور مجھے چاند چاہیے، جنت، آگ کا دریا، تیرے پیار میں اور بلی جیسی فلموں میں کام کیا، انہوں نے 44 اردو اور 20 پنجابی فلموں میں کام کیا۔اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے کئی ڈراموں اور ٹیلی فلمز میں بھی کام کیا، تاہم ان کی شہرت کی ایک وجہ ان کی متعدد شادیاں بھی رہیں۔
نور کے بارے میں مشہور تھا کہ انہوں نے 5 شادیاں کی لیکن ایک پوڈ کاسٹ میں انہوں نے واضح کیا تھا کہ انہوں نے مجموعی طور پر 3 مردوں سے 4 پانچ شادیاں کیں جس میں ایک مرد عون چوہدری سے 2 بار شادی کیانہوں نے بتایا تھا کہ عون چوہدری سے ان کے 3 بچے 2 بیٹیاں اور ایک بیٹا ہے اور اب انہی کے ساتھ زندگی بسر کررہی ہیں۔نور نے 2017 میں شوبز انڈسٹری کو خیر باد کہتے ہوئے اعلان کیا تھا کہ اللہ نے ہدایت دے دی ہے، اب کوئی ڈراما، ماڈلنگ، ڈانس یا فلم میں کام نہیں کروں گی۔
3۔ انعم فیاض
انعم انعم فیاض نے 2010 کے بعد ماڈلنگ سے کیریئر کا آغاز کیا تھا جس کے بعد اداکاری کے میدان میں قدم رکھا اور دیکھتے ہی دیکھتے چھا گئیں۔پہلے ہی ڈرامے میں لوگوں کی توجہ کا مرکز بن جانے والی انعم فیاض نے ’زرد موسم، مرجائیں بھی تو کیا، میں ہاری پیا، ساری بھول ہماری تھی، میری ماں، رخصتی، گھر ایک جنت، عشق عبادت، فالتو لڑکی، تشنگی دل کی، سمیت دیگر ڈراموں میں شاندار کردار ادا کیے، انہوں نے متعدد ٹیلی فلموں میں بھی کام کیا جب کہ وہ چند ایک فلموں میں بھی مختصر کرداروں میں دکھائی دیں۔
اداکارہ نے کیریئر کے عروج پر 2016 میں اسد انور سے سعودی عرب کے مقدس شہر مکہ میں شادی کی تھی، جس کے بعد اگرچہ وہ ڈراموں میں دکھائی دیں مگر انہوں نے نمایاں طور پر کام کم کردیا تھا۔بعدازاں فروری 2023 میں انہوں نے ایک انسٹاگرام پوسٹ کے ذریعے مستقل بنیادوں پر شوبز کو چھوڑ کر اسلامی تعلیمات کے مطابق زندگی گزارنے کا اعلان کیا۔انعم فیاض نے انسٹاگرام پوسٹ میں تصدیق کی تھی کہ وہ دین اسلام کی خاطر شوبز انڈسٹری سے کنارہ کشی اختیار کر رہی ہیں، تاہم وہ مذہبی تعلیمات کے مطابق زندگی گزارنے کی مصروفیات سے متعلق مداحوں کو آگاہ کرتی رہیں گی۔
4۔صنم چوہدری
2013 میں ڈراما 'عشق ہماری گلیوں میں' کے ساتھ ٹیلی ویژن پر ڈیبیو کرنے والی صنم چوہدری نے متعدد ڈراموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے۔انہوں نے ʼآسمانوں پہ لکھا‘، ʼبھول‘، ’گھر تتلی کا پر'، 'نکاح' سمیت 3 درجن کے قریب ڈراموں میں کام کیا ا ور ان کا آخری نشر ہونے والا ڈراما 'میر آبرو' تھا، جسے ہم ٹی وی پر نشر کیا گیا تھا۔صنم چوہدری نے نومبر 2019 میں خاموشی سے دیرینہ دوست موسیقار سومی چوہان سے شادی کی تھی اور اکتوبر 2020 میں ان کے ہاں بیٹے کی پیدائش ہوئی تھی۔
بعدازاں اگست 2021 میں انہوں نے انسٹاگرام اکاؤنٹ سے اپنی تمام تصاویر ڈیلیٹ کردیں اور مبہم انداز میں اللہ کی طرف رجوع کرنے سے متعلق بتایا۔تاہم دسمبر 2021 میں انہوں نے شوبز چھوڑنے کی تصدیق کے ساتھ اس کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ شادی، اولاد ہونے کے باوجود زندگی میں سکون کی کمی تھی جس کی وجہ سے وہ قرآن کی طرف مائل ہوئیں۔صنم چوہدری نے واضح کیا تھا کہ وہ ’سکون،اچھا انسان‘ بننے اور خدا کی خاطر شوبز سے دور ہوئیں، بہترین اداکارہ بننا کوئی اعزاز نہیں، زندگی اداکاری اور ایوارڈز سے آگے کا نام ہے۔
4۔ زرنش خان
فقط 17 سال کی عمر میں شادی کرنے والی زرنش خان نے سال 2015 میں ڈرامہ 'سسرال میرا' سے شوبز انڈسٹری میں قدم رکھا جس کے لیے انہیں ایوارڈ بھی ملا۔بعدازاں وہ 'اے زندگی'، 'صحرا میں سفر'، 'لاج'، 'سن یارا'، 'من چاہی'، 'دی اجازت' اور 'ایک محبت کافی ہے' میں اداکاری کرتے نظر آئیں۔زرنش خان نے فروری 2023 میں عمرے کی سعادت حاصل کی تھی جس کے بعد انہوں نے سوشل میڈیا سے اپنی تمام پرانی تصاویر اور ویڈیوز بھی ڈیلیٹ کردی تھیں اور وہ اپنے سوشل میڈیا ہینڈل پر صرف مذہبی معلومات شیئر کرنے لگیں۔
تاہم انہوں نے باضابطہ طور پر شوبز کو خیرباد کہنے سے متعلق کوئی اعلان نہیں کیا تھا۔ البتہ حال ہی میں ایک یوٹیوبر کو انٹرویو دیتے ہوئے زرنش خان نے شوبز سے مذہب کی جانب رجوع کرنے کی وجہ بتاتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے خواب میں نبی کریم ﷺکی زیارت کی تھی جس کے بعد شوبز چھوڑنے کا فیصلہ کیا۔زرنش نے بتایا کہ 'میں نے اسی وقت اپنا پورا سوشل میڈیا کانٹینٹ ڈیلیٹ کردیا، اس وقت میں نے اللہ تعالیٰ سے مدد مانگی کہ میں نے یہ قدم اٹھا لیا ہے مجھے نہیں معلوم کے اس سے آگے کیا کرنا ہے لیکن میں دل سے رجوع کرتی ہوں اور میں مزید کام نہیں کرنا چاہتی'۔
5۔زینب جمیل
اداکارہ زینب جمیل نے نجی چینل سے بطور نیوز اینکر اپنا کیرئیر شروع کیا تھا اور کچھ عرصے بعد وہ ایک انٹرٹینمنٹ چینل پر وی جے کے طور پر کام کررہی تھیں۔جس کے بعد انہوں نے ڈراموں میں اداکاری بھی کی، زینب جمیل نے سدا سکھی رہو، سُسرال میری بہن کا، مل کے بھی ہم نہ ملے، منچلی اور آپ کی کنیز میں اداکاری کی۔اگرچہ زینب جمیل نے اپنے مختصر کریئر کے دوران بہت زیادہ کام نہیں کیا لیکن اس کے باوجود اپنی پہچان بنانے میں کامیاب رہیں۔
بعدازاں مارچ 2015 میں انہوں نے انسٹاگرام پر ایک پوسٹ کرتے ہوئے مذہب کی خاطر شوبز کو چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے لکھا تھا کہ میں فخر سے اس بات کا اعلان کر رہی ہوں کہ میں بطور اداکارہ اور ماڈل اپنا کرئیر جاری نہیں رکھوں گی۔اس کے بعد زینب طویل عرصے سے گوشہ گمنامی میں زندگی گزار رہی تھیں کہ رواں برس وہ ایک بار اس وقت خبروں کا حصہ بنیں جب مبینہ طور پر ان کے شوہر نے ان پر قاتلانہ حملہ کروایا جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگئی تھیں۔
6۔ مومل خالد
26 سالہ مومل خالد نے اپنے کیریئر کا آغاز 2008 میں ٹی وی ڈرامے 'خود غرض' سے کیا جبکہ 'بیچاری قدسیہ'، 'گڑیا رانی'، اور 'میرے ہم نشیں' میں بھی اداکاری کے جوہر دکھائے۔اگرچہ مومل خالد نے بہت زیادہ ڈراموں میں کام نہیں کیا لیکن اس کے باوجود اپنی پہچان بنانے میں کامیاب رہیں۔سال 2017 میں مومل کی شادی عثمان پٹیل سے ہوئی اور اب ان کے دوبچے ایک بیٹا اور بیٹی بھی ہیں۔
تاہم گزشتہ کئی عرصے سے انہوں نے انسٹاگرام سے اپنی ساری بے حجاب تصاویر ڈیلیٹ کردی تھیں اور صرف باحجاب تصاویر کو سوشل میڈیا پر شیئر کیا، ساتھ ہی مختلف علمائے کرام کے بیانات بھی اپلوڈ کرتی رہتی ہیں۔رواں سال مئی میں ایک پوسٹ پر مداح نے ان سے سوال کیا کہ وہ دوبارہ ڈراموں میں کب واپس آئیں گی تو مومل نے بتایا کہ وہ اب شوبز میں کام نہیں کریں گی۔
