نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی نے ملک کے مختلف علاقوں میں طوفانی بارشوں کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق آج سندھ، وسطی، جنوبی پنجاب اور شمال مشرقی و جنوبی بلوچستان میں اکثر مقامات پر تیز ہواؤں، آندھی اورگرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ کہیں کہیں تیز موسلا دھار بارش کا بھی امکان ہے۔شمال مشر قی پنجاب، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیرمیں مطلع جزوی ابرآلود رہنے کے علاوہ چند مقامات پر تیز ہواؤں اورگرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کی توقع ہے۔
LOADING...
محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں پنجاب، سندھ، خیبر پختونخوامیں کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ چند مقامات پر موسلادھار بارش بھی ہوئی، بلوچستان، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔دوسری جانب این ڈی ایم اے نے ملک میں اگلے 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران بارشوں کا الرٹ جاری کیا ہے۔ نیشنل ایمر جنسیز آپریشن سینٹر کی جانب سے پنجاب، سندھ اوربلوچستان میں اگلے 12 سے 24گھنٹوں کے دوران بارشوں کا الرٹ جاری کیا گیا ہے۔
پنجاب کے شمال مشرقی اور جنوبی اضلاع میں وقفے وقفے سے بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہےگوجرانوالہ، سیالکوٹ،سرگودھا، چنیوٹ، لاہور، حافظ آباد اور فیصل آبادکے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے۔راجن پور، لیاقت پور، رحیم یار خان، خانیوال، بہاولپور،ملتان، لیہ، وہاڑی، بہاولنگر،مظفرگڑھ، ڈیرہ غازی خان، خانپور، ظاہرپیر اور صادق آباد کے علاقوں میں طوفانی بارشوں کی توقع ہے۔ این ڈی ایم اے نے نشیبی علاقوں میں سیلابی صورتحال، ندی نالوں میں طغیانی اورپہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔
سندھ کے جنوبی اضلاع میں اگلے 12 تا 24گھنٹوں کے دوران طوفانی ہواؤں کے ساتھ شدید بارشوں کی توقع ہے،ٹھٹھہ، بدین، تھرپارکر، مٹھی، عمر کوٹ، میرپور خاص، ٹنڈو محمد خان، ٹنڈو آدم، حیدرآباد اور کراچی میں ہلکی اور تیز بارش جبکہ لاڑکانہ، سکھر، شہید بینظیر آباد، خیرپور، دادو، جیکب آباد، کشمور، جامشورو میں وقفے وقفے سے ہلکی بارش کا امکان ہے۔بلوچستان کے علاقے ژوب، لورالائی، سبی، ڈیرہ بگٹی، سوئی، خضدار، آواران، بارکھان اور لسبیلہ میں اگلے بارہ سے چوبیس گھنٹوں کے دوران آندھی طوفان کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔