شہر قائد میں گاڑیوں اور موٹرسائیکل پر اجرک والی سستی مگر جعلی نمبر پلیٹ لگوانے والے شہریوں کیلیے بُری خبر آگئی۔وزیر محکمہ ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول سندھ مکیش کمار چاولہ نے ایسے شہریوں کو خبردار کیا ہے جو سڑکوں پر اسٹالز اور دکانوں سے جعلی نمبر پلیٹ خرید کر گاڑیوں اور موٹرسائیکل پر لگوا رہے ہیں۔
LOADING...
مکیش کمار چاولہ نے نجی نیوز سائٹ کو دیے گئے انٹرویو میں کہا کہ خصوصی فیچر کی حامل اجرک والی نمبر پلیٹ 2022 میں لانچ ہوئی، پچھلے 3 سال کے دوران ہزاروں گاڑیوں اور موٹرسائیکل کو یہ نمبر پلیٹ دی جا چکی ہے۔انہوں نے بتایا کہ یہ سکیورٹی فیچرڈ نمبر پلیٹ ہے جو سیف سٹی پروجیکٹ سے منسلک ہے، پچھلے ایک سال سے میں اسمبلی کے فلور پر اور میڈیا کے ذریعے بتا چکا ہوں کہ مستقبل میں تمام شہریوں کو یہ والی نمبر پلیٹ لگانی ہوگی۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ اس نمبر پلیٹ میں بار کوڈ ہیں جو ایکسائز ڈپارٹمنٹ کو ڈیٹا فراہم کرتے ہیں، کیمرے میں یہ نمبر پلیٹ واضح نظر آتی ہے جس سے کرائم کی روک تھام بھی ہو سکے گی۔مکیش کمار چاولہ کے مطابق مذکورہ نمبر پلیٹ لگوانے کی آخری تاریخ 14 اگست 2025 ہے۔’سڑکوں پر جعلی نمبر پلیٹ کی خرید و فروخت کی روک تھام کیلیے کام شروع ہو چکا ہے اور کافی حد تک روک لیا گیا ہے۔
جو لوگ دکانوں سے خرید کر نمبر پلیٹ لگا کر رہے ہیں اس کا کوئی فائدہ نہیں کیونکہ یہ جعلی ہی تصور کی جائیں گی۔ نمبر پلیٹ اشو کرنا صرف حکومت کا اختیار ہے۔‘انہوں نے کہا کہ دکانوں سے جعلی نمبر پلیٹ بنوانے والوں نے اپنا وقت اور پیسے ضائع کیے ہیں، جنہوں نے نئی نمبر پلیٹ کیلیے درخواست دی ہے اور محکمے کی طرف سے تاخیر ہوئی ہے تو ایسے شہریوں کے خلاف کارروائی نہیں ہوگی۔