پاک بھارت جنگی صورتحال میں پاکستان کو حاصل ہونے والی عالمی حمایت کے سلسلے میں وزیراعظم شہباز شریف کا کل سے دو روزہ دورہ سعودی عرب متوقع ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم کے ہمراہ اہم وزراء اور اعلیٰ حکام بھی ہوں گے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف دورہ سعودی عرب کے دوران سعودی ولی عہد و وزیراعظم محمد بن سلمان سے اہم ملاقات کریں گے جس میں موجودہ خطے کی صورتحال، باہمی تعاون اور دفاعی تعلقات پر گفتگو ہوگی۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف سعودی قیادت کا جنگی حالات میں پاکستان کی بھرپور حمایت پر شکریہ ادا کریں گے، جبکہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کے مزید فروغ پر بھی بات چیت ہوگی۔اس دورے کے بعد دوسرے مرحلے میں وزیراعظم مشرق وسطیٰ کے دیگر ممالک کا دورہ بھی کریں گے تاکہ خطے میں امن، یکجہتی اور پاکستان کے مؤقف کے حق میں عالمی حمایت کو مزید مستحکم کیا جا سکے۔یاد رہے کہ حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران سعودی عرب نے پاکستان کے مؤقف کی کھل کر تائید کی ہے اور عالمی سطح پر پاکستان کی سفارتی کوششوں کو بھرپور تعاون فراہم کیا ہے۔