بھارتی طیارہ حادثے میں 241 مسافروں سمیت 294 افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاع ہے اور ایک خاتون مسافر کو ٹریفک جام نے بچا لیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق سرکاری ایئر لائن ایئر انڈیا کے احمد آباد میں گر کر تباہ ہونے والے بد نصیب طیارہ حادثے میں دو افراد خوش قسمتی سے بچ گئے۔ایک بھارتی نژاد برطانوی شہری طیارے کے ملبے سے معمولی زخمی حالت میں باہر نکل آیا جب کہ ان کے علاوہ تمام 241 مسافر ہلاک ہوگئے۔
LOADING...
اسی طرح طیارے میں ایک خاتون مسافر کو لندن کے لیے اُڑان بھرنی تھی لیکن وہ کوفت بھری ٹریفک جام میں بری طرح پھنس گئی خاتون مسافر صرف 10 منٹ تاخیر سے ایئر پورٹ پہنچی تو انھیں شدید مایوسی کا سامنا کرنا پڑا کیوں کہ طیارہ انھیں چھوڑ کر اُڑان بھر چکا تھا۔کسے معلوم تھا کہ محض ایک منٹ بعد ہی بھومی چوہان نامی خاتون کو ٹریفک جام پر کوفت اور فلائٹ مس ہونے پر ہونے والی مایوسی، شکر کا موقع فراہم کرنے والی تھی۔
بدقسمت طیارہ پرواز بھرتے ہی ایک منٹ کے اندر رہائشی علاقے میں گر کر تباہ ہوگیا۔ جب اس کا علم بھومی چوہان کو ہوا تو وہ حیران اور پریشان رہ گئیں۔بھومی چوہان نے بتایا کہ خوفناک حادثے کا سن کر شدید دکھی ہوں، میرا جسم یہ سوچ کر ہی کانپ رہا ہے کہ اگر ٹریفک جام نہ ملتا تو کیا ہوتا۔انھوں نے مزید کہا کہ میری کیفیت عجیب ہے، ذہن ماؤف ہے اور کچھ سمجھ نہیں آ رہا ہے۔ اس پرواز میں 242 افراد سوار تھے جن میں سے ایک مسافر معجزانہ طور پر بچ گیا اب تک جائے حادثہ سے 294 لاشیں نکالی جا چکی ہیں۔