
اسلام آباد پولیس نے ٹک ٹاکر ثنا یوسف کے قتل کا مقدمہ تھانہ سمبل میں درج کرلیا۔ نامعلوم ملزم کیخلاف مقدمہ مقتولہ کی والدہ کی مدعیت میں درج کیا گیا، مقتولہ ٹک ٹاکر کی والدہ نے ابتدائی بیان میں پولیس کو بتایا کہ سامنے آنے پر ملزم کو شناخت کرسکتے ہیں۔ایف آئی آر کے مطابق پیر کی شام 5 بجے نامعلوم ملزم ٹک ٹاکر ثنا یوسف کے گھر داخل ہوا، ملزم کی فائرنگ سے2 گولیاں ثنا یوسف کے سینے میں لگیں، فائرنگ کے بعد ملزم فرار ہوگیا،ثنا یوسف کو ہسپتال منتقل کیا مگر جانبر نہ ہوسکی۔
خیال رہے کہ گزشتہ رات پولیس کے مطابق ٹک ٹاکر ثنا یوسف کو گھر میں آئے مہمان نے ہی گولیاں ماریں اور موقع سے فرار ہو گیا، ثنایوسف کا تعلق اپر چترال سے ہے۔علاوہ ازیں افسوسناک واقعہ کے اہم انکشافات منظرعام پر آئے ہیں،قانون نافذ کرنے والے ذرائع کا کہنا تھا کہ قتل سے قبل ثنا یوسف کی شوٹر سے اپنے گھر کے باہر مختصر بات چیت بھی ہوئی، ثنا کو دو گولیاں لگیں اور وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئی۔ پولیس کی جانب سے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا مگر تاحال کسی کی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی، اگرچہ اس قتل کے پیچھے محرکات ابھی تک غیر مصدقہ ہیں، واقعہ ذاتی رنجش کا بھی لگ رہا ہے، تاہم کوئی حتمی سرکاری بیان جاری نہیں کیا گیا۔