رجب بٹ نے خانہ کعبہ کے سامنے معافی مانگ لی

Rajab Butt apologizes in front of the Kaaba
پاکستانی یوٹیوبر رجب بٹ، جو کہ حالیہ دنوں میں تنازعات کا شکار رہے ہیں، نے خانہ کعبہ کے صحن میں اللہ کو گواہ بنا کر اپنے بیان کی وضاحت کرتے ہوئے معافی مانگ لی۔رجب بٹ کے خلاف پیکا ایکٹ کے تحت ایک مقدمہ درج کیا گیا تھا جس میں مذہبی جذبات کو مجروح کرنے کے الزامات عائد کیے گئے تھے۔

LOADING...

حالیہ تنازعہ ان کے نئے پرفیوم ’295‘ کی وجہ سے کھڑا ہواتھا، جسے انہوں نے اپنے یوٹیوب وی لاگ میں متعارف کروایا تھا۔ پرفیوم کے نام میں پاکستان کے توہین مذہب قانون کی جانب اشارہ کیا گیا تھا، جس کے باعث سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔ بعد ازاں رجب بٹ نے ویڈیو ڈیلیٹ کر دی اور پرفیوم کی فروخت روکنے کا اعلان کیا۔

رجب بٹ اس وقت عمرہ کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب میں ہیں اور ابھی تک ان کی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔ ان کی طرف سے معافی کے اظہار کے بعد، انہوں نے مسجد الحرام میں احرام کی حالت میں ایک ویڈیو ریکارڈ کی اور سوشل میڈیا پر شیئر کی۔انہوں نے اپنی بات کا آغاز درود پاک اور پھر کلمہ پڑھ کر کیا، اس کے بعدانہوں نے کہا کہ میرا مال، جان، والدین، اولاد اور خون کا ایک ایک قطرہ نبی پاک ﷺ پر قربان ہے۔

رجب بٹ نے کہا کہ ’سوشل میڈیا پر میرے حوالے سے جو مسئلے مسائل چل رہے ہیں میں اس پاک جگہ پر حلف لے کر کہتا ہوں کہ میں نے کچھ بھی جان بوجھ کر نہیں کیا‘۔انہوں نے کہا کہ، مجھ سے جو کچھ بھی ہوا لاعلمی میں ہوا اس کے لیے پہلے بھی معذرت کی اور ایک بار پھر ہاتھ جوڑ کر معذرت کرتا ہوں اور اپیل ہے کہ اپنے دلوں کو میرے لیے صاف کرلیں۔

رجب بٹ نے علمائے کرام، حکومت پنجاب اور پاک فوج سے اپیل کی کہ ان کے خلاف درج پیکا ایکٹ کے مقدمے پر دوبارہ غور کیا جائے اور انصاف فراہم کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ انہیں جھوٹے الزامات کا سامنا ہے اور اس پر مزید وضاحت فراہم کی۔ ویڈیو کے آخر میں انہوں نے اللہ، اس کے رسول اور مسلمانوں سے دوبارہ معذرت کی۔

 رجب بٹ اس سے قبل بھی متنازع بیانات اور سوشل میڈیا پر مواد کی وجہ سے خبروں میں رہے ہیں، اور ان کے خلاف کئی مقدمات درج ہو چکے ہیں۔ گزشتہ سال دسمبر میں انہیں بغیر لائسنس کے شیر کے بچے اور غیر قانونی اسلحہ رکھنے پر گرفتار کیا گیا تھا، تاہم بعد میں وہ ضمانت پر رہا ہو گئے تھے۔



حوالہ

اشتہار


اشتہار