سعودی عرب نے رمضان المبارک کے دوران مساجد سے لائیو جانے اور ویڈیو بنانے پر پابندی عائد کردی۔ سعودی پریس ایجنسی (SPA) کے مطابق اسلامی امور، دعوت و رہنمائی کی وزارت نے ماہ رمضان سے قبل نئی ہدایات جاری کی ہیں، جن میں نماز تراویح سمیت دیگر نمازوں کے دوران امام اور نمازیوں کی ویدیو بنانے کے لیے مساجد میں کیمروں کے استعمال پر پابندی عائد کی گئی ہے، وزارت نے کسی بھی سوشل میڈیا پلیٹ فارم کے ذریعے نماز کی لائیو نشریات پر بھی پابندی عائد کی ہے۔
LOADING...
بتایا گیا ہے کہ وزارت نے ان رہنما خطوط پر عمل کرنے والے ائمہ اور مبلغین کی اہمیت پر زور دیا اور نمازیوں کو مساجد کے اندر مذہبی آداب کو برقرار رکھنے کی ہدایت کی، ان اقدامات کا مقصد مساجد کے تقدس اور عبادت کے ماحول کو برقرار رکھنا ہے اور اس بات کو یقینی بنانا کہ نماز میں کسی قسم کا کوئی خلل نہ پڑے، یہ ہدایات عبادت کیلئے سازگار ماحول فراہم کرنے، عبادت گزاروں کی حفاظت کو یقینی بنانے، روحانی طور پر پرسکون اور احترام کے ماحول میں مذہبی رسومات کی انجام دہی کی ضمانت دینے کے لیے وزارت کے عزم کے حصے کے طور پر سامنے آئی ہیں۔
بتایا جارہا ہے کہ اسلامی امور کی وزارت عام طور پر مساجد میں مذہبی سرگرمیوں کو منظم کرنے اور نمازیوں کے لیے موزوں ماحول پیدا کرنے کے لیے ہر سال رمضان سے پہلے ایسی رہنمائی جاری کرتی ہے، مسجدالحرام اور مسجد نبوی ﷺ کے مذہبی امور کے سربراہ شیخ ڈاکٹر عبدالرحمان السدیس نے رمضان المبارک کے دوران اعلیٰ معیار کی خدمات اور پروگرام فراہم کرنے کے لیے وزارت کے عزم پر زور دیا، انہوں نے بتایا کہ وزارت ماہ صیام کے آپریشنل منصوبوں کی ڈیجیٹائزیشن میں اضافہ کرے گی، جس سے عمرہ زائرین اور رمضان المبارک کے دوران دونوں مقدس مساجد کے زائرین کے تجربے کو بہتر بنانے کی امید ہے۔