
میٹا کی دیگر ایپس انسٹا گرام اور فیس بک میں موجود ایک زبردست فیچر کو اب واٹس ایپ میں بھی شامل کردیا گیا ہے ۔ میٹا کی جانب سے واٹس ایپ میں 2025 کا پہلا اور بہترین فیچر صارفین کیلئے متعارف کروادیا گیا ہے، واٹس ایپ میں رنگا رنگ چیٹ تھیمز کا اضافہ کرنے کا اعلان کیا گیا ہے، میٹا کمپنی کے مطابق آئی او ایس اور اینڈرائیڈ صارفین کے لیے چیٹ تھیمز کا فیچر متعارف کر ایا گیا ہے۔
LOADING...
میٹا کا صارفین سے کہنا ہے کہ 'آپ نے اس کا مطالبہ کیا تھا اور اسی لیے ہم چیٹ تھیمز فیچر کو متعارف کرا رہے ہیں، تاکہ آپ کی چیٹس رنگا رنگ چیٹ ببلز اور نئے وال پیپرز سے منفرد ہو جائے'.ویسے تو واٹس ایپ میں پہلے سے صارفین چیٹ بیک گراؤنڈ کا انتخاب کرسکتے ہیں جبکہ لائٹ اور کلر موڈز کا آپشن بھی دستیاب ہے مگر ٹیکسٹ ببلز کا رنگ تبدیل نہیں ہوتا تھا۔
مگر اب صارفین اپنے چیٹ ببلز کے رنگ تبدیل کرسکیں گے اور اس کے علاوہ پری سیٹ تھیمز کے ذریعے بیک گراؤنڈ اور ببلز دونوں کو تبدیل کرسکیں گے، اسی طرح صارفین کو 30 نئے وال پیپرز دستیاب ہوں گے یا اپنی فوٹو لائبریری سے بیک گراؤنڈ کے لیے تصویر کا انتخاب کرسکیں گے، آپ تمام واٹس ایپ چیٹس کے لیے ایک ہی تھیم کا انتخاب کرسکیں گے یا ہر چیٹ کے لیے الگ الگ تھیمز کو بھی منتخب کرسکیں گے۔
یہاں ایک بات قابل غور یہ ہے کہ واٹس ایپ تھیمز صرف آپ کو ہی نظر آئیں گی، دیگر افراد کو علم نہیں ہوگا کہ آپ ان کی چیٹ ونڈو کے لیے کونسی تھیم استعمال کر رہے ہیں ۔کمپنی کے مطابق یہ فیچر آنے والے ہفتوں میں دنیا بھر میں صارفین کو دستیاب ہوگا۔اس فیچر کو استعمال کرنے کے لیے واٹس ایپ سیٹنگز میں جاکر چیٹس اور پھر ڈیفالٹ چیٹ تھیم کے آپشن پر کلک کریں۔