سعودی عرب میں موسم میں نمایاں تبدیلی دیکھنے میں آ رہی ہے، جہاں کئی علاقوں میں موسلادھار بارشوں کے نتیجے میں سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا اندیشہ ہے۔ سعودی نیشنل سینٹر فار میٹرولوجی نے خبردار کیا ہے کہ یہ شدید موسمی حالات جمعرات، 20 فروری تک برقرار رہیں گے۔ اس دوران بعض علاقوں میں تیز ہواؤں، ژالہ باری اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
LOADING...
محکمہ موسمیات کے مطابق، مقدس شہروں مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں بھی موسم کی شدت متوقع ہے، جہاں تیز ہوائیں چلنے، اولے پڑنے اور ممکنہ سیلاب کے خدشات موجود ہیں۔ گلف نیوز کے مطابق، آئندہ تین روز تک سعودی عرب کے مختلف علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے، جن میں دارالحکومت ریاض، حائل، القصیم، مشرقی صوبہ، شمالی سرحدی علاقے، مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ شامل ہیں۔
مزید برآں، طائف، میسان، اضم، العرضیات، المویہ، الخرما، رنیہ، ترویہ، بحر، الجموم، خلیص اور الکامل سمیت دیگر علاقوں میں بھی بارشیں متوقع ہیں۔بعض مقامات پر برفباری کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے، جو درجہ حرارت میں نمایاں کمی کا سبب بن سکتی ہے۔ حکام نے شہریوں کو محتاط رہنے، احتیاطی تدابیر اپنانے اور موسم کی تازہ ترین صورتحال سے باخبر رہنے کی ہدایت کی ہے۔