آزاد کشمیر کے مختلف اضلاع میں صدارتی آرڈیننس کیخلاف عوامی ایکشن کمیٹی کی کال پر مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال کے باعث کاروباری مراکز ، بازار اور تعلیمی ادارے بند ہیں۔ مظفر آباد، میر پور، باغ، برنالہ اور اٹھ مقام اور نیلم سمیت وادی آزاد کشمیر کے مختلف مقامات پر ہڑتال کے باعث بین الاضلاعی اور پاکستان کے مختلف صوبوں کیلئے چلنے والی ٹریفک بھی معطل ہے۔
عوامی ایکشن کمیٹی کا کہنا ہے کہ صدارتی آرڈیننس کے خلاف آزاد کشمیر میں احتجاجی مظاہروں کے دوران درجنوں شہری گرفتار ہیں، ہڑتال اظہار رائے کی آزادی کو یقینی بنانے کیلئے ہے۔حکومت آزاد کشمیر نے ایک ماہ قبل صدارتی آرڈیننس کے ذریعے احتجاجی جلسے، جلوس، مظاہروں پر پابندی لگائی تھی، آرڈیننس کی خلاف ورزی پر 7 سال تک قید کی سزا مقرر کی گئی ہے۔ یادرہے کہ آزاد جموں و کشمیر کی سپریم کورٹ ایک دن قبل صدارتی آرڈیننس کو عارضی طور پر معطل کر چکی ہے۔