ٹرمپ کے فیس بک اور انسٹاگرام اکاؤنٹس سے پابندی اٹھا دی گئی

Bans on Trump's Facebook and Instagram accounts have been lifted
واشنگٹن: سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے انسٹاگرام اور فیس بک اکاؤنٹس سے پابندی اٹھا دی گئی۔غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق فیس بک، انسٹا گرام اور واٹس ایپ کی سرپرست کمپنی ‘میٹا’ نے امریکی انتخابات میں صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کے فیس بک اور انسٹاگرام اکاؤنٹس سے پابندیاں ہٹا دی۔

ڈونلڈ ٹرمپ کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر یہ پابندیاں 2021 میں ان کے حامیوں کی جانب سے کیپٹل ہل پر حملے کے بعد لگائی گئی تھیں۔میٹا کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ریپبلکن پارٹی کے نامزد امیدوار کی حیثیت سے ڈونلڈ ٹرمپ کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر مزید پابندیاں نہیں لگائی جائیں گی۔

ٹرمپ کے فیس بک اور انسٹاگرام اکاؤنٹس کو 6 جنوری 2021 کو ان کے حامیوں کے کیپیٹل ہل پر حملے کے ایک دن بعد غیر معینہ مدت کے لیے معطل کیا گیا تھا۔ جس کے بارے میں کہا گیا تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے پرتشدد کارروائیوں میں ملوث لوگوں کو سوشل میڈیا پر سراہا ہے۔
فروری 2023 میں ڈونلڈ ٹرمپ کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کو کچھ پابندیوں کے ساتھ بحال کر دیا گیا تھا تاہم یہ پابندیاں بھی گزشتہ روز ہٹا دی گئیں۔میٹا نے ایک بلاگ پوسٹ میں لکھا کہ سیاسی اظہار رائے کی اجازت دینے کی اپنی ذمہ داری کا ادراک کرتے ہوئے ہم یہ سمجھتے ہیں کہ امریکی عوام کو تمام صدارتی امیدواروں کو سننے کا حق حاصل ہونا چاہیے۔




اشتہار


اشتہار