سابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے منصب چھوڑنے کے بعد اب دوبارہ ڈینٹسٹ کی ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں۔اس بات کا اعلان مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ایکس پر ان کے بیٹے عواب علوی نے ایک پوسٹ کے ذریعے کیا۔پوسٹ میں انہوں نے ایک تصویر شیئر کی جس میں سابق صدر کو ڈینٹسٹ کے روپ میں ایک خاتون کے دانتوں کا ٹریٹمنٹ کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔
عواب علوی نے اپنے فیملی کلینک 'علوی ڈینٹل اسپتال' میں عارف علوی کو واپس آنے پر خوش آمدید کہا۔ان کا اپنے والد کے حوالے سے کہنا تھا کہ 'ہم ان کے دوبارہ فارم میں آنے سے بہت خوش ہیں اور اب وہ باقاعدگی سے دانتوں کے مسائل کے حوالے سے کنسلٹیشن اور ٹریٹمنٹس کررہے ہیں'۔
عواب علوی کا کہنا تھا کہ 55 سال سے زیادہ کے تجربے اور دو ماہر ماسٹرز کی ڈگریوں کے ساتھ، ڈاکٹر عارف علوی پانچ سال تک پاکستان کے 13ویں صدر کی حیثیت سے خدمات انجام دینے کے بعد بھی، اپنے پیشے میں علم اور جذبے کی دولت لارہے ہیں۔
خیال رہے کہ ڈاکٹر عارف علوی عام انتخابات کے بعد نئے صدر کا انتخاب ہونے پر رواں برس مارچ میں اپنے عہدے سے سبکدوش ہوگئے تھے۔عہدہ صدارت سنبھالنے سے قبل بھی وہ ساری زندگی دندان سازی کے شعبے سے منسلک رہے تھے۔