روسی شخص خلا میں ایک ہزار دن گزارنے والا پہلا انسان بن گیا

A Russian man became the first person to spend 1,000 days in space
روس سے تعلق رکھنے والے ایک فرد نے خلا میں ایک ہزار دن گزارنے کا اعزاز اپنے نام کرلیا ہے۔Oleg Kononenko نے 5 جون کو خلا میں ایک ہزار دن گزارنے والے پہلے انسان ہونے کا اعزاز اپنے نام کیا۔اس سے قبل فروری میں انہوں نے خلا میں سب سے زیادہ 878 دن گزارنے کا ریکارڈ اپنے نام کیا تھا، جو اس سے پہلے روس کے ہی Gennady Padalka کے پاس تھا۔

دونوں خلا بازوں نے یہ ریکارڈ کسی ایک مشن میں قائم نہیں کیا تھا بلکہ 5 مشنز میں ایسا ممکن ہوا۔مگر Oleg Kononenko کے مشنز کا دورانیہ زیادہ طویل تھا اور وہ مستقبل میں بھی کافی وقت خلا میں گزارنے والے ہیں۔اگر سب کچھ ٹھیک رہا تو ستمبر 2024 کو انٹرنیشنل اسپیس اسٹیشن سے ان کی زمین پر واپسی ہوگی اور اس وقت تک خلا میں ان کے قیام کی مدت 1110 دن ہو جائے گی۔

انہوں نے روسی خبر رساں ادارے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ آپ کچھ نیا اور اہم حاصل کر سکتے ہیں اور نامعلوم چیزوں کو چھو سکتے ہیں، اس سے آپ کو اعتماد ملتا ہے۔مگر ابھی بھی وہ ایک مشن میں سب سے زیادہ دن خلا میں گزارنے کا ریکارڈ اپنے نام نہیں کرسکے ہیں۔یہ ریکارڈ Valeri Polyakov کے نام ہے جنہوں نے 1990 کی دہائی میں 434 دن 18 گھنٹے خلا میں گزارے۔

Oleg Kononenko نے اپنے کیرئیر کا آغاز ایک انجینئر کے طور پر کیا تھا اور 34 سال کی عمر میں خلا باز بننے کے لیے تربیت حاصل کرنا شروع کی۔اپریل 2007 میں وہ پہلے خلائی مشن پر روانہ ہوئے اور خلا میں 200 دن گزارے۔Oleg Kononenko نے بتایا کہ وہ خلا میں بے وزنی اور دیگر اثرات سے بچنے کے لیے مسلسل ورزشیں کرتے رہتے ہیں۔
انہوں نے 16 سال کے دوران میں 5 بار خلا کا سفر کیا اور ہر بار نئے سفر کی تیاری انہیں زیادہ مشکل محسوس ہوئی۔روسی خلا باز کے مطابق 'خلا باز بننے کا عمل ٹیکنالوجی میں جدت کے ساتھ پیچیدہ ہوتا جا رہا ہے، مختلف سسٹمز اور تجربات اب زیادہ پیچیدہ ہوگئے ہیں'۔




اشتہار


اشتہار