وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے والد سے محبت کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آج اپنے بچوں کی پرورش اور رہنمائی میں والد کے انمول کردار کو تسلیم کرنے کا دن ہے۔مریم نواز نے کہا کہ ہر والد کی خاموش قربانیوں کو تسلیم کرنا چاہئے جو اکثر نظر انداز کر دی جاتی ہیں، بہتر مستقبل کو یقینی بنانے کے لیے باپ کی قربانیوں کو بھی تسلیم کیجئے، والد شجر سایہ دار ہے جوتپتی دھوپ میں بچوں کیلئے گھنا سایہ بن جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اولاد کی تربیت اور بہتر پرورش میں والد کے شفیق کردار کی اہمیت کو سمجھنے کی ضرورت ہے، شفیق باپ سایہ دار شجر کی مانند ہے، جس کا کوئی نعم البدل نہیں،اپنی ہر کامیابی والد گرامی محمد نواز شریف کے نام کرتی ہوں جو ہر مشکل میں میرا حوصلہ ہیں، ، خوش قسمت ہوں جو محمد نواز شریف جیسے والد گرامی ملےانکی بیٹی ہونے پر ناز ہے۔
مریم نواز کا مزید کہنا تھا کہ ہر روز والد محترم سے دعائیں لے کر نکلتی ہوں اور واپس آکر سب سے پہلے انہیں سلام کرتی ہوں، والدین کی عزت وتکریم کرنے والے ،اف تک نہ کہنے والے دنیا و آخرت میں سرخرو ہوتے ہیں ۔
عزیز تر مجھے رکھتا ہے وہ رگ جاں سے
یہ بات سچ ہے مرا باپ کم نہیں ماں سے