محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا، اسلام آباد اور گر دو نواح میں موسم گرم اور خشک رہے گا۔محکمہ موسمیات نے خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی ہے۔آزادکشمیر اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر بارش کاامکان ہے جبکہ مری،گلیات اورگردونواح میں موسم خشک اور مطلع جزوی ابرآلود رہے گا۔
محکمہ موسمیات نے کرم، چترال، سوات، دیر،کوہستان اور بالاکوٹ میں چند مقامات پر بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔واضح رہے کہ مئی کے مہینے میں بارشوں کانیا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے، ترجمان پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ مئی میں طوفان، ژالہ باری سے پوٹھوہار کے علاقے میں فصلوں اور عمارتوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق ملک بھر میں ہلکی جبکہ شمالی پنجاب میں بارشوں کا درمیانی سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔
پنجاب کے پوٹھوہار علاقوں میں کسانوں کو گندم کیلئے حفاظتی اقدامات کرنے ہوں گےپہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے بھی امکانات ہیں، ترجمان کا کہنا تھا کہ مئی کے مہینے میں گرمی کی شدت میں اضافہ بھی ہوگا، ملک کے جنوبی حصوں میں فضا ہیٹ ویو کا باعث بن سکتی ہے۔میدانی علاقے خاص طور پر ہیٹ ویو کی زد میں آنے کے امکانات ہیں،بڑے شہروں میں خاص طور پر ہیٹ ویو کے اثرات زیادہ ہوں گے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے موسمی صورتحال پر انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔ترجمان کے مطابق پنجاب بھر میں انتظامیہ کو موسمی صورتحال سے آگاہ کردیا گیا ہے۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے نے ہدایت کی ہے کہ اداروں کے درمیان مضبوط کمیونیکیشن کو ہر صورت ممکن بنایا جائے۔