پاکستان ریلوے نے عید پر کرایوں میں بڑی رعایت دے دی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان ریلویز نے مسافروں کو اچھی خبر سناتے ہوئے کرایوں میں بڑی رعایت کا اعلان کیا ہے، جس کے تحت محکمہ ریلویز نے شہریوں کو کرایوں میں 25 فیصد رعایت دے دی ہے، کرایوں میں کمی کا یہ اطلاق عید الفطر کے تین دن کیلئے ہوگا، کرایوں میں رعایت تمام مسافر ٹرینوں کی تمام کلاسز کے لیے ہوگی، یہ رعایت کرنٹ ٹکٹ پر ہوگی تاہم رعایت کا اطلاق عید اسپیشل ٹرینوں پر نہیں ہوگا۔
بتایا گیا ہے کہ پاکستان ریلوے نے اپنی آمدن کے حوالے سے نیا ریکارڈ قائم کر لیا ہے اور اس وقت ریلوے کی آمدن تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے، پاکستان ریلوے نے 9 ماہ میں 66 ارب روپے کما لئے، عیدالفطر کے موقع پر ٹرینوں کے بلاتعطل آپریشن کیلئے 15 لاکھ لیٹر ڈیزل بھی خرید لیا گیا ہے۔
سی ای او پاکستان ریلوے عامر علی بلوچ کا کہنا ہے کہ رواں مالی سال کے اختتام تک پاکستان ریلوے کی آمدن 80 ارب روپے سے زیادہ ہونے کے امکانات ہیں جب کہ محکمے کے پاس 10 روز کا ڈیزل اسٹاک بھی موجود ہے، ریلوے پر اعتماد کرنے پر مسافروں کا شکریہ ادا کرتے ہیں، اسی طرح ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی میں تاخیر بھی ختم کر دی گئی، کئی ماہ سے تنخواہوں کی ادائیگی تین ہفتے تک تاخیر کا شکار تھی، مشکل وقت میں ساتھ دینے پر اپنے ورکرز کا شکر گزار ہوں، مسافروں کا ریلوے پر اعتماد ہمارے لئے باعث فخر ہے۔
پاکستان ریلوے کے ترجمان اعجاز شاہ نے کہا ہے کہ پاکستان ریلوے انتظامیہ نے عید کی اسپیشل ٹرینوں میں اضافی کوچز لگانے کا فیصلہ کیا ہے، یہ فیصلہ مسافروں کی ڈیمانڈ کے پیشِ نظر کیا گیا جب کہ ریلوے نے ملازمین کی 10 اپریل کو واجب الادا تنخواہ بھی 5 روز قبل ہی بینکوں میں بھجوا دی ہے، اس سے قبل تنخواہیں تین تین ہفتے تاخیر کا شکار تھیں۔