راولپنڈی، اسلام آباد ایکسپریس میٹرو بس سروس بند کر دی گئی

Rawalpindi, Islamabad Express Metro bus service has been stopped

 راولپنڈی، اسلام آباد ایکسپریس میٹرو بس سروس بند کر دی گئی، مالی نقصانات اور معمول کی میٹرو بس سروس کیلئے مسائل پیدا ہونے کے باعث ایکسپریس بس سروس بند کرنا پڑی۔تفصیلات کے مطابق راولپنڈی تا اسلام آباد کے میٹرو بس ٹریک پر خصوصی طور پر چلائی جانے والی ایکسپریس میٹرو بس سروس کو مستقل طور پر بند کرنے کا باضابطہ اعلان کر دیا گیا ہے۔

پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے حکام کے مطابق مالی مسائل کا باعث بننے کی وجہ سے ایکسپریس میٹرو بس سروس کو بند کرنا پڑا۔ صدر راولپنڈی تا سیکرٹریٹ اسلام آباد سرکاری ملازمین کو کم وقت میں مقام تک پہنچانے کیلئے معمول کی میٹرو بس سروس کے ساتھ ایکسپریس بس سروس چلائی گئی تھی۔

 جس کیلئے کل68بسوں میں سے 10 بسیں مختص کی گئی تھیں۔ایکسپریس سروس صدر تا سیکرٹریٹ 24اسٹیشنز کی بجائے صرف 6 اسٹیشن پر رکتی تھی۔ایکسپریس میٹرو بس سروس خصوصی طور پر سرکاری ملازمین کی سہولت کیلئے شروع کی گئی تھی۔

 تاہم وقت کے ساتھ ساتھ ان بسوں پر عام مسافروں کا رش بھی بڑھ جانے کے باعث مالی نقصان بڑھ گیا۔ ایکسپریس سروس کیلئے بسیں الگ کرنے سے معمول کی میٹرو بس سروس جو 24 اسٹیشنز پر رکتی ہے، وہ بھی متاثر ہورہی تھی۔ اسی باعث اب ایکسپریس میٹرو بس سروس کو بند کر کے اس سروس کیلئے مختص کی گئی۔ بسیں ریگولر میٹرو بس سروس کے فلیٹ میں شامل کر دی گئی ہیں۔

واضح رہے کہ راولپنڈی اسلام آباد میٹرو بس سروس ملک کے کامیاب ترین میٹرو بس منصوبوں میں سے ایک مانا جاتا ہے۔ راولپنڈی اسلام آباد میٹرو بس سروس کے ذریعے جڑواں شہروں کے لاکھوں شہری یومیہ بنیاد پر مستفید ہوتے ہیں۔ منصوبہ کا افتتاح 2015 میں کیا گیا تھا جو اب تک کامیابی سے آپریشنل ہے۔





اشتہار


اشتہار