چیئرمین پی سی بی کا انتخاب 6 فروری کو ہوگا

Chairman PCB will be elected on February 6

الیکشن کمشنر مسٹر شاہ خاور نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین کے انتخاب کے لیے بورڈ آف گورنرز (بی او جی) کا خصوصی اجلاس منگل 6 فروری 2024ء کو نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور (این سی اے) میں دوپہر 2 بجے طلب کیا ہے۔ اجلاس کا نوٹس پاکستان کرکٹ بورڈ کے آئین 2014ء کی دفعات کے مطابق جاری کیا گیا ہے۔ 

بورڈ کے تمام ممبران کا ذاتی طور پر اجلاس میں شرکت لازمی ہے۔بورڈ آف گورنرز میں مصطفی رمدے ، محسن نقوی ، سجاد علی کھوکھر، ظفر اللہ جدگل، تنویر احمد، طارق سرور، محمد اسماعیل قریشی، انوار احمد خان، جاوید اقبال، اسامہ اظہر اور سیکرٹری حکومت پاکستان، بین الصوبائی رابطہ کی وزارت، یا کوئی دوسرا افسر جسے اس نے بطور سابق ممبر نامزد کیا ہو ،بطور غیر ووٹنگ ممبر شامل ہے۔

یاد رہے کہ سابق چیئرمین ذکا اشرف کے استعفیٰ کے بعد نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کو پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔پی سی بی کے آئین کے مطابق چیئرمین کی عدم موجودگی میں تمام اختیارات چیف الیکشن کمشنر کو منتقل ہو جاتے ہیں۔ الیکشن کمشنر کی حیثیت سے شاہ خاور کو چار ہفتوں میں انتخابی عمل مکمل کرنے کا کام سونپا گیا ہے۔

 اگر انتخابات 6 فروری کو منصوبہ بندی کے مطابق ہوتے ہیں تو پنجاب کے نگران وزیراعلیٰ کی ذمہ داریوں سے سبکدوش ہونے والے نقوی انتخابی نتائج کے اعلان کے بعد ایک ہفتے کے اندر چیئرمین کا عہدہ سنبھال سکتے ہیں۔













اشتہار


اشتہار