قطر ایئرویز نے اپنے فضائی نیٹ ورک میں 18 نئے ایئرپورٹس کا اضافہ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ عالمی میڈیا کے مطابق قطر کی سرکاری فضائی کمپنی کے سی ای او اکبر البکر نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ قطر ایئر ویز امریکی ہوائی اڈوں پر اپنے فلائٹ شیڈول کو بڑھانے کا ارادہ رکھتی ہے، اس کے علاوہ ایئرلائن دنیا بھر میں 250 منزلوں تک اپنی خدمات فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہے۔
پاکستان سے مصر جانے والے مسافروں کیلئے اہم خبر۔
بتایا گیا ہے کہ پہلے سے ہی 2023ء میں قطر کی قومی ایئرلائن نے پرواز کے تین نئے مقامات (ٹرابزون، ترکی اور لیون، ٹولوس، فرانس) شامل کیے ہیں اور کورونا کی سست روی کے دوران آپریشن روکنے کے بعد مزید سات ایئرپورٹس کے لیے سروس دوبارہ شروع کر دی ہے جن میں بیجنگ، چین؛ داواؤ، فلپائن؛ نائس، فرانس؛ ٹوکیو ہانیڈا، جاپان؛ کاسا بلانکا و مراکش، مراکش؛ اور برمنگھم، انگلینڈ شامل ہیں۔
معلوم ہوا ہے کہ 2023ء کے آخر تک قطر ایئرویز فنوم پنہ، کمبوڈیا، اور راس الخیمہ، متحدہ عرب امارات کے لیے فلائیٹ آپریشن شروع کرے گی جب کہ اگلے موسم گرما تک 6 مزید مقامات کی منصوبہ بندی کی گئی ہے، جن میں میڈان، انڈونیشیا؛ چٹاگانگ، بنگلہ دیش؛ اوساکا، جاپان؛ جوبا، جنوبی سوڈان؛ کنشاسا، کانگو اور بیونس آئرس، ارجنٹائن شامل ہیں، ان اضافون کے ساتھ ایئرلائن کی رسائی دنیا بھر کے 185 ہوائی اڈوں تک پہنچ جائے گی۔
بتایا جا رہا ہے کہ قطر ایئرویز اپنی بہترین کاروباری نشستوں اور خدمات کے لیے جانا جاتا ہے، مسافروں کی عالمی مانگ ایئر لائن کی ترقی میں معاون ہوگی، تاہم ہوائی جہاز کی تیاری میں تاخیر کی وجہ سے قطر ایئرویز کے کل 250 عالمی گیٹ ویز تک توسیع کے کچھ منصوبوں کو 2025ء یا 2026ء تک انتظار کرنا پڑے گا جب بوئنگ اور ایئربس کی جانب سے اضافی طیارے فراہم کیے جاسکتے ہیں۔