گزشتہ روز خیبر پختونخوا کے ضلع باجوڑ میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے کے پیش نظر کراچی پولیس کو بھی ہائی الرٹ رہنے کے احکامات جاری کردیے گئے۔
تفصیلات کے مطابق یہ احکامات ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو کی جانب سے دیے گئے۔ ایڈیشنل آئی جی کراچی نے باجوڑ میں جمیعت علمائے اسلام (ف) کے کنونشن میں ہونے والے دھماکے کے باعث کراچی پولیس کو ہائی الرٹ رہنے کے حکم جاری کیا۔
جاوید عالم اوڈھو کی طرف سے کراچی پولیس کو شہر بھر کی مساجد، مدارس، امام بارگاہوں اور اطراف سمیت ممکنہ حساس علاقوں میں انٹیلی جنس بڑھانے کا حکم جاری کیا گیا ہے۔ ساتھ ہی شہر میں تھانوں کی سطح پر بھی روابط مزید مربوط کرنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔
پنجاب کے تمام تعلیمی بورڈز نے میٹرک کے رزلٹ کا اعلان کردیا
پولیس چیف کی جانب سے سخت ہدایات دیتے ہوئے شہر میں سیکیورٹی اقدامات مزید بہتر بنانے اور غیر معمولی سرگرمیوں کی مکمل نگرانی کرنے کا بھی کہا گیا ہے۔ ساتھ ہی پیٹرولنگ اور ناکہ بندی بھی سخت کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز باجوڑ میں جے یوآئی (ف) کے ورکرز کنونشن میں دھماکے کے نتیجے میں جے یو آئی خار کے امیر سمیت 44 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔ دھماکے میں 150 سے زائد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات بھی ہیں۔