جیون ساتھی کی تعریف کریں اور یہ فوائد پائیں

جیون ساتھی کی تعریف کریں اور یہ فوائد پائیں


جیون ساتھی کی تعریف صرف باہمی رشتے میں محبت اور خلوص ہی نہیں بڑھاتا ہے بلکہ اس کے صحت پر بھی مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

میاں اور بیوی کا رشتہ ایک ایسا رشتہ ہے جو محبت، خلوص اور وفا پر استوار ہوتا ہے۔ دیکھا گیا ہے کہ میاں بیوی میں کچھ لوگ تو کھل کر ایک دوسرے کی تعریف کرتے لیکن کچھ ایسے بھی ہوتے ہیں جن کے رشتے میں محبت،


 خلوص اور وفا شامل ہوتی ہے لیکن انہیں ایک دوسرے کی تعریف کرنا دشوار لگتا ہے تاہم اب تحقیق میں ثابت ہوا ہے کہ جیون ساتھی تعریف صرف رشتے کو مزید مضبوط ہی نہیں بناتی بلکہ یہ صحت کے لیے فائدہ مند ہوتی ہے۔

اس حوالے سے بھارتی ماہر نفسیات نے ڈاکٹر جیوتی کپور نے اپنے جیون ساتھی کی تعریف کرنے سے انسانی صحت پر پڑنے والے مثبت اثرات اور فوائد سے متعلق بتایا ہے۔



ڈاکٹر جیوتی کپور کے مطابق جب آپ اپنے جیون ساتھی کی مثبت چیزوں کو دیکھنا شروع کریں گے تو اس سے نہ صرف آپ ان کی غلطیوں کو درگزر کریں گے بلکہ آپ کو اپنے بارے میں بھی اچھا محسوس ہونا شروع ہو گا اور اس سے آپ کی صحت کو جو فوائد حاصل ہوں گے ان سے آپ حیران رہ جائیں گے۔


دباؤ میں کمی


آج کل ہر دوسرا شخص زندگی سے جڑے کسی نہ کسی مسئلے اور دباؤ کا شکار ہے تو اگر ایسے میں کوئی اپنے جیون ساتھی میں کوئی اچھی عادت یا بات دیکھے تو اس کی تعریف کرے اس سے فائدہ یہ ہوگا کہ آپ کی زندگی میں سکون بڑھے گا جس کے ذہنی صحت پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے کیونکہ جب آپ اپنے ساتھی کے کاموں کی تعریف کریں گے یا اس کا شکریہ ادا کریں گے تو وہ آپ سے مزید کھُل کر اور دیانتداری سے گفتگو کرے گا۔

خود اعتمادی اور امید میں اضافہ


زندگی میں آگے بڑھنا ہے تو اس کے لیے امید کا دامن تھامے رکھنا اور خود اعتمادی برقرار رکھنا ضروری ہے تو اگر آپ اپنے زندگی کی ساتھی کی تعریف کریں گے تو اس سے نہ صرف اس کے اعتماد میں اضافہ ہوگا بلکہ آپ کی خود اعتمادی بھی بڑھے گی اس کے ساتھ ہی آپ میں مثبت سوچ پیدا ہوگی جس سے زندگی کے معاملات میں مزید پُر امید ہوں گے۔

خوشحالی


جیون ساتھی کی تعریف کرنے اور اس کے شکر گزار ہونے سے آپ اور آپ کے جیون ساتھی میں ذہنی رشتہ قائم ہوتا ہے اور یہ رشتہ آپ کی زندگی کو خوشی سے لبریز کرتا ہے اور باہمی اشتراک سے خوشحالی کو بھی تقویت ملتی ہے۔

آخر میں سب سے اہم بات ازدواجی زندگی میں جیون ساتھی کا ایک دوسرے کی تعریف کرتے رہنا رشتے میں اطمینان پیدا کرتا ہے جو رشتے کو مضبوط سپورٹ سسٹم مہیا کرتا ہے جس سے آپ کی ذہنی صحت بہتر ہوتی ہے۔







اشتہار


اشتہار