ایف آئی اے سائبر کرائمز ونگ نے عوام کو ہائی ٹیک فراڈ کا الرٹ جاری کردیا
رپورٹ کے مطابق الرٹ میں کہا گیا ہے کہ عوام ہائی ٹیک فراڈ کے بارے میں خبردار اور محتاط ہو جائیں۔عوام کے علم میں یہ بات لائی جا رہی ہے کہ اگر وہ چوکس نہ رہے تو اُنکے بینک اکاؤنٹس میں پڑی ساری رقم فراڈ گروہ نکال سکتا ہے۔
ایف آئی اے کے سائبر کرائمز ونگ کو ہائی ٹیک فراڈ کی اطلاعات ملی ہیں جس کا شکار سینکڑوں بینک اکاؤنٹس ہولڈر ہو چکے ہیں۔ یہ نیا فراڈ جو سم سویپ کر کے لوگوں کی بینکوں کی رقوم اُڑا رہا ہے‘ وہ پاکستان میں بھی شروع ہو گیا ہے۔ اس کیلئے وہ بینک اکاؤنٹ ہولڈرز کے فون نیٹ ورک کی مدد لے رہا ہے۔ اس کیلئے کوئی سگنل یا زیرو بار نہیں ہے۔صرف ایک کال آپ کے فون پر آتی ہے‘ فون کرنے والا آپ کو اس طرح کا پیغام دیگا کہ وہ آپ کے سیل فون کمپنی سے بول رہا ہے۔آپ کا ٹیلی فون نیٹ ورک میں اسکے بعد پرابلم آنے لگے گا‘ اس پر فراڈ گروپ کا کارندہ آپ کو ہدایت کریگا کہ آپ اپنے فون پر ایک کا ہندسہ دبائیں تاکہ نیٹ ورک واپس آ جائے۔
ایف آئی اے کے سائبر کرائم ونگ کے الرٹ میں کہا گیا ہے کہ اس مرحلے پر بینک اکاؤنٹ ہولڈر یا سیل فون رکھنے والا شخص کوئی بھی ہندسہ دبانے کی بجائے کال کو کاٹ دیں۔ اگر آپ اپنے فون پر ایک کا ہندسہ دبا دینگے تو نیٹ ورک اچانک کھلے گا اور اسکے بعد بند ہو جائیگا۔
اس طرح ہائی ٹیک فراڈ آپ کا فون ہیک کر لے گا اور چند سیکنڈ میں آپ کے بینک اکاؤنٹ میں موجود ساری رقم اُڑا لی جائیگی اور اس کیلئے آپ کو کوئی بینک سے الرٹ نہیں ملے گا۔جو کچھ آپ کے ساتھ بیتے گی یہ آپ کے نیٹ ورک کے بغیر آپ کی لائن پر حاصل ہو گی اور اس اثناء میں آپ کے ٹیلیفون کی سم سویپ کر لی جائے گی۔
ایف آئی اے کے سائبر کرائم ونگ کے الرٹ میں کہا گیا ہے کہ خطرناک بات یہ ہے کہ آپ کو کسی ہدایات کا الرٹ نہیں ملے گا اس لئے جو پاکستانی یو ایس ایس ڈی بینکنگ اور موبائل بینکنگ استعمال کر رہے ہیں وہ ہمہ وقت الرٹ رہیں اور ہر وقت محتاط رہیں۔