کوئٹہ میں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے آٹھویں سیزن کا نمائشی میچ آج کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی کے درمیان کھیلا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق بگٹی کرکٹ اسٹیڈیم میں میچ کی تیاریاں مکمل کر لی گئیں، کوئٹہ اور پشاور کی ٹیموں کے کھلاڑی اور آفیشلز کوئٹہ پہنچ گئے، میچ کیلئے 13 ہزار سے زائد ٹکٹ فروخت ہوچکے۔
کوئٹہ میں میچ کیلئے اسٹیڈیم اور اطراف میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، 4 ہزار سے زائد پولیس اور فرنٹئیرکور کے اہلکار سکیورٹی کے فرائض سرانجام دیں گے۔
پی ایس ایل کا نمائشی میچ دیکھنے کیلئے سابق اسٹار کرکٹرز شاہد آفریدی، جاوید میانداد اور معین خان بھی کوئٹہ پہنچ گئے جبکہ اداکار ایوب کھوسہ، احد رضا سمیت کئی شوبز اسٹارز بھی کوئٹہ پہنچے ہوئے ہیں۔
پی ایس ایل8 کے نمائشی میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی قیادت سرفراز احمد کریں گے جبکہ پشاور زلمی کے کھلاڑی قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم کی زیر قیادت میدان میں اتریں گے۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق اسٹیڈیم اور اس کے اطراف میں ڈرون کیمرے کے استعمال پر مکمل پابندی ہو گی جبکہ میچ دیکھنے کیلئے شائقین کرکٹ کو پاکستانی پرچم کے علاوہ کوئی دوسرا جھنڈا اسٹیڈیم لانے کی اجازت نہیں ہوگی۔
واضح رہے کہ شیڈول کے تحت پی ایس ایل 8 کا آغاز 13 فروری سے ہوگا جبکہ فائنل 19 مارچ کو لاہور میں کھیلا جائے گا۔