مسلم لیگ ق کے رہنما چودھری مونس الٰہی نے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کو یقین دہانی کرا دی ہے کہ ہم آپ کیساتھ ہیں۔ انہوں نے پنجاب اسمبلی توڑنے کی منصوبہ بندی مکمل کرنے کا بھی دعویٰ کیا ہے۔
تفصیل کے مطابق پنجاب میں کیا ہونے جا رہا ہے؟ یہ سوال سب کی زبان پر ہے۔ چودھری مونس الٰہی بھاگ بھاگ کر کپتان کو اپنی حمایت کا یقین دلا رہے ہیں جبکہ وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے چپ سادھ لی ہے۔
چودھری مونس الٰہی نے ایک بار پھر عمران خان سے ملاقات میں “آل از ویل” کا یقین دلایا۔ ٹویٹ میں کہا کہ پنجاب اسمبلی توڑنے کی حکمت عملی مکمل کر لی ہے۔ پی ڈی ایم جتنی مرضی کوشش کر لے، جلد الیکشن کے انعقاد کو نہیں روک سکتی، اگلے انتخابات میں جیت عمران خان کی ہے۔
زمان پارک میں ملتان سے تعلق رکھنے والے ارکان اسمبلی نے بھی عمران خان سے ملاقات کی اور پنجاب اسمبلی کی تحلیل پر تحفظات کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اسمبلی ٹوٹنے سے ن لیگ کو فائدہ ہو گا۔ ان کے حلقوں میں ترقیاتی کام ادھورے ہیں اور وہ انتقامی کارروائیاں بھگت رہے ہیں۔ حکومت معاشی ایمرجنسی کا بہانہ بنا کے بھی الیکشن التوا میں ڈال سکتی ہے۔
ذرائع کے مطابق عمران خان نے کہا کہ گھبرانے کی ضرورت نہیں، اسمبلیاں توڑنے پر آپ کو نہیں، پی ڈی ایم کو خوفزدہ ہونا چاہیے۔ عمران خان نے پارٹی رہنماؤں کو فیصلے کے ساتھ کھڑے ہونے کی ہدایت کی۔
ہم آپ کے ساتھ ہیں، چودھری مونس الٰہی کی عمران خان کو ایک بار پھر یقین دہانی https://t.co/U3uODsTUXZ
— Naseer Ud Din (@MeetWithNaseer) December 21, 2022