پاکستان میں موبائل فون سمز کے اجراء کیلئے نیا نظام متعارف کروادیا گیا ہے ، اس نظام کو اب تک کا بہترین نظام قرار دیا جارہا ہے۔
خبررساں ادارےڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق پاکستان ٹیلی کمیونیکشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے نیشنل ڈیٹا بیس رجسٹریشن اتھارٹی( نادرا) اور موبائل سروسز فراہم کرنے والی کمپنیوں کی معاونت سے سمز جاری کرنے کا نیا نظام متعارف کروادیا ہے،اس نظام کے تحت سمز کے اجراء میں دھوکہ دہی اور جعل سازی کوروکا جاسکے گا، نئے نظام کو 23 دسمبر سے نافذ العمل کردیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پہلے سم حاصل کرنے کے خواہش مند شخص کو بائیومیٹرک ویری فکیشن سسٹم(بی وی ایس) نظام کے تحت موبائل سمز آپریٹر ایک مخصوص انگلی سےبائیو میٹرک تصدیق کی ہدایات کرتاتھا اور تصدیق کے بعد نئی سم جاری کردیتا تھا۔
تاہم اب "ملٹی فنگر بائیو میٹرک ویری فکیشن سسٹم"(ایم بی وی ایس)نامی نئے نظام میں آپریٹر کے کردار کو بالکل ختم کردیا گیا ہے اب سم حاصل کرنے والا شخص خود اپنی مرضی سےکوئی بھی انگلی مشین پر رکھے گا اور مشین اس انگلی کے ذریعےاس کی بائیومیٹرک کروادے گا، اس نظام میں صارف کو دونوں ہاتھوں کی 8 انگلیوں اور دو انگوٹھوں کے اسکین کے بعد نئی سم جاری کردی جائے گی۔
مشین میں انگلیوں کی اسکیننگ میں مشکلات یا رکاوٹ پیش آنے والے صارف کو نئی سم جاری نہیں کی جائے گی۔