ٹیکنالوجی کمپنی’میٹا’ جو کہ فیس بک، انسٹاگرام اور واٹس ایپ کی مالک ہےنے ٹوئٹر کے مقابلے میں ایک نیا سوشل میڈیا پلیٹ فارم لانے کا فیصلہ کیا ہے۔
عالمی خبررساں اداروں کی رپورٹس کے مطابق میٹا کی جانب سے ایک ایپ تیار کی جا رہی ہے جس پر صارفین ٹوئٹس جیسی تحریری اپ ڈیٹس کر سکیں گے، اس ایپ کو ابھی’ پی 92’ کانام دیا گیا ہے اور اس کی تیاری ابتدائی مراحل میں ہے۔
میٹا کمپنی کےایک ترجمان نے نئی ایپ کی تیاری کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک ڈی سینٹرلائز سوشل نیٹ ورک پر کام کر رہی ہے، ہم ٹیکسٹ اپ ڈیٹس شیئر کرنے والے سوشل نیٹ ورک پر کام کر رہے ہیں، ہمارا ماننا ہے کہ ایک ایسی ایپ کے لیے جگہ موجود ہے جہاں تخلیق کار اور معروف شخصیات اپنی دلچسپیوں کے بارے میں اپ ڈیٹس شیئر کر سکیں ۔
رپورٹس کے مطابق صارفین اس ایپ پراپنےانسٹاگرام اکائونٹ سے لاگ ان کر سکیں گے،نئی ایپ میں انسٹاگرام اکاؤنٹ سے لاگ ان ہونے پر فوٹو شیئرنگ ایپ کی پروفائل تفصیلات نظر آئیں گی، چونکہ یہ ڈی سینٹرلائز ایپ ہوگی تو صارفین اپنے سرورز اور مواد کی جانچ پڑتال کیلئےاپنے اصولوں کو تشکیل دے سکیں گے،اس کے علاوہ صارفین اپنی پوسٹس کو دیگر سرورز پر بھی براڈ کاسٹ کر سکیں گے۔
فیس بک میٹا کمپنی کی ملکیت ہے
میڈیا رپورٹس کے مطابق ابھی یہ واضح نہیں کہ وہ ایک دوسرے کو فالو کر سکیں گے یا نہیں، اسی طرح یہ بھی واضح نہیں کہ صارفین پوسٹس کو ٹوئٹر کی طرح ری شیئر کر سکیں گے یا نہیں، اور نئی ایپ متعارف کرانے کی تاریخ کا بھی اعلان نہیں کیا گیا ہے۔